مندرجات کا رخ کریں

انیس ناگی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
انیس ناگی
معلومات شخصیت
پیدائش 10 ستمبر 1939ء   ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شیخوپورہ ،  برطانوی پنجاب   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات 7 اکتوبر 2010ء (71 سال)  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
لاہور ،  پاکستان   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وجہ وفات دورۂ قلب   ویکی ڈیٹا پر (P509) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
طرز وفات طبعی موت   ویکی ڈیٹا پر (P1196) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت پاکستان
برطانوی ہند   ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
صنف شاعری، تنقید، افسانہ، ناول، تحقیق، ترجمہ
مادر علمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور
جامعہ پنجاب   ویکی ڈیٹا پر (P69) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
تعلیمی اسناد ایم اے ،  پی ایچ ڈی   ویکی ڈیٹا پر (P512) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ شاعر ،  ادبی نقاد ،  ناول نگار   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کارہائے نمایاں زوال
زرد آسمان
ایک ادھوری سرگزشت
بے خوابی کی نظمیں
ایک لمحہ سو چ کا
دیوار کے پیچھے
باب ادب

ڈاکٹر انیس ناگی (انگریزی: Anis Nagi)، (پیدائش: 10 ستمبر، 1939ء- وفات: 7 اکتوبر، 2010ء) پاکستان کے نامور محقق، افسانہ نگار، ناول نگار، نقاد، کالم نگار، مترجم اور شاعر تھے۔

حالات زندگی

[ترمیم]

انیس ناگی 10 ستمبر 1939ء کو شیخوپورہ میں ابراہیم ناگی کے گھر پیدا ہوئے۔ ان کا خاندانی نام یعقوب علی ناگی تھا۔ انھوں نے مسلم ہائی اسکول نمبر 2 لاہور سے میٹرک کیا، گورنمنٹ کالج لاہور سے انٹر اور اورینٹل کالج لاہور سے ایم اے (اردو) کیا۔ جامعہ پنجاب سے اردو ادب میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور گولڈ میڈل بھی حاصل کیا۔ تعلیم سے فراغت کے بعد وہ گورنمنٹ کالج لاہور اور گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں تدریسی فرائض سر انجام دیے۔ گورنمنٹ کالج لاہور کے میگزین راوی کے مدیر بھی رہے۔ بعد ازاں انیس ناگی نے سول سروس کا امتحان پاس کیا اور ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن سمیت مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہے۔ 1999ء میں وہ بورڈ آف ریونیو کے ارکان کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔[1]۔

ادبی خدمات

[ترمیم]

انیس ناگی کا ادبی سفر بہت طویل ہے۔ انھوں نے شاعری، ناول، افسانہ، تنقید اور تراجم میں طبع آزمائی کی اور ہر صنف میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بہت احسن طریقے سے اجاگر کیا ہے۔ انھوں نے جذباتی نثر کی بجائے کارآمد نثر تخلیق کی اور شعوری طور پر ناول کو ادبی زبان کے برعکس عام بول چال میں قلمبند کیا۔ عام معاشرتی اور سیدھی سادی زبان میں قاری کے سامنے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ ان کی جدید اردو نظم کو نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی بہت پزیرائی ملی۔[1] وہ ساٹھ کی دہائی میں نئی شاعری کی تحریک کے نام سے سامنے آنے والے ان لوگوں میں شامل تھے جن کے لیے رائج شاعری کا روایتی پیرایہ اور اظہار ناقابلِ قبول تھا اور وہ شاعری میں نئے اظہار کو رواج دینا چاہتے تھے۔ نئی شاعری کی اس تحریک کے نمایاں لوگوں میں ان کے ساتھ جیلانی کامران، افتخار جالب، محمد سلیم الرحمان، عباس اطہر، زاہد ڈار، فہیم جوزی اور سعادت سعید کے نام بھی شامل ہیں۔[2]۔

اردو کے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو پر ان کا بے شمار کام ہے اور ان کے ناولوں میں اہم ترین ناول زوال ہے جس میں ایک ڈھلتی عمر کے بیوروکریٹ کے بتدریج بے رحمانہ ذہنی اور جسمانی انتشار کو بڑے موثر انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ ان کا دوسرا مقبول ناول دیوار کے پیچھے ہے جسے اردو میں ناول کی نئی روایت کا آغاز کہا جاتا ہے جس میں انسان کے وجودی کرب کا تخلیقی بیان ہے۔[3]۔

انیس ناگی کی ایک اور اہم تخلیق جنس اور وجود ہے۔ انیس ناگی نے ان آٹھ مضامین میں عورت کے حوالے سے ایسے موضاعات پر قلم اٹھایا ہے جن سے ہمارا اکثر بلا یا بالواسطہ سامنا ہوتا ہے اور جن سے بوجوہ صرف نظر میں عافیت سمجھی جاتی ہے۔ انیس ناگی کی ان تحریروں سے احساس ہوتا ہے کہ بہت توجہ اور سنجیدگی سے لکھی گئی ہیں۔ ہمارے معاشرے میں ایسے موضوعات پر کھلے اظہار کے یے ایک جراتِ رندانہ درکار ہے جو شاید مصلحتاً کم کم پائی جاتی ہے۔ انیس ناگی نے پاکستانی عورت کی جنسیات کو سمجھنے کے لیے کسی حد تک کلینکل انداز اختیار کیا ہے لیکن کہنے کی طرح اعدادو شمار کی بھرمار سے گریز کیا ہے۔ اپنے عمیق مطالعے اور زندگی کے معاملات کی گہری بصیرت کی وجہ سے انیس ناگی کے یہ مضامین اپنے میدان میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں جن کے وسیلے سے پاکستانی عورت کو سمجھا جا سکتا ہے اس اعتبار سے جنس اور جود اردو میں پہلی کتاب ہے جس میں پاکستان کی تمدنی حالت میں پاکستانی عورت کا وجودی مطالعہ کیا گيا ہے۔[3]

سچ تو یہ ہے کہ کتاب سے وابستگی کا ایسا عاشق کم پیدا ہوا ہو گا۔ ناول، شاعری، تنقید اور دستاویزی فلم، غرض کسی گھر بند نہیں۔ ترجمے پر اترے تو اردو دنیا کو سینٹ جان پرس، کامیو اور پابلو نرودا سے متعارف کرایا۔ اس پر بھی بیان مزید وسعت کا تقاضا کرے تو اپنا رسالہ نکال لیتے ہیں۔ چوٹ کرنے سے گھبراتے ہیں نہ چوٹ کھا کر بد مزہ ہوتے ہیں۔[3]

انیس ناگی نے تنقید میں بھی کام کیا اور نظمیں بھی لکھیں۔ ان کے ہاں مکروہ، ممنوع اور نامانوس الفاظ بکثرت نظر آتے ہیں۔ ان کی نظم میں انتشار، بے سمتی اور ابہام سے پر تصورات موجود ہیں۔ انیس کی نظم کا فرد بے سمتی کا شکار ہے۔[3]

تصانیف

[ترمیم]

نیس ناگی کی شاعری اور نثر کی پچاس سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں جن میں چند قابل ذکر یہ ہیں [1] :

  • ابھی کچھ اور
  • ایک گرم موسم کی کہانی
  • آگ ہی آگ
  • بشارت کی رات
  • بیابانی کا دن
  • بیگانگی کی نظمیں
  • بے خوابی کی نظمیں
  • بے خیالی میں
  • نوحے
  • روشنیاں
  • زرد آسمان
  • غیر ممنوعہ نظمیں
  • صداؤں کا جہاں
  • زوال
  • ایک لمحہ سو چ کا
  • چوہوں کی کہانی
  • درخت مرے وجود کا
  • دیوار کے پیچھے
  • کیمپ
  • گردش
  • محاصرہ
  • میں اور وہ
  • سکریپ بک
  • قلعہ
  • ناراض عورتیں
  • ایک ادھوری سرگزشت
  • جنس اور وجود

وفات

[ترمیم]

انیس ناگی 7 اکتوبر، 2010ء کو لاہور کی پنجاب پبلک لائبریری میں دوپہر کے وقت کتابوں کے مطالعے کے دوران میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے[2] اور وہ علامہ اقبال ٹاؤن رضا بلاک لاہور کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئے۔[1]

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. ^ ا ب پ ت "انیس ناگی، پاکستانی کنیکشنز، برمنگہم برطانیہ"۔ 23 مارچ 2016 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 06 جنوری 2016 
  2. ^ ا ب انیس ناگی انتقال کر گئے، بی بی سی اردو، 8 اکتوبر 2010ء
  3. ^ ا ب پ ت نقاد، ناول نگار اور شاعر انیس ناگی لاہور میں انتقال کر گئے، عالمی اخبار لندن، 8 اکتوبر 2010ء