مندرجات کا رخ کریں

سورہ فاتحہ

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
نظرثانی بتاریخ 12:35، 26 اکتوبر 2015ء از Yethrosh (تبادلۂ خیال | شراکتیں) (زمانۂ نزول: clean up, replaced: ابتدائییی ← ابتدائی using AWB)
فاتحہ
الفاتحۃ
فاتحہ
دور نزولمکی
نام کے معنیآغاز، افتتاح
دیگر نامام الکتاب، ام القرآن، کلید
زمانۂ نزولنبوت کے ابتدائی سال
اعداد و شمار
عددِ سورت1
عددِ پارہ1
تعداد آیات7
سجودکوئی نہیں
الفاظ29
حروف139
گذشتہ 
آئندہالبقرہ

سورۂ فاتحہ (عربی:الفاتحۃ) قرآن مجید میں ترتیب کے لحاظ سے پہلی سورت ہے جو حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی کے مکی دور میں نازل ہوئی۔ اس کی آیات کی تعداد 7 ہے۔ یہ انتہائی اہم سورت اور ہر نماز میں پڑھی جاتی ہے، اس کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔

نام

اس کا نام "الفاتحہ" اس کے مضمون کی مناسبت سے ہے۔ فاتحہ اس چیز کو کہتے ہیں جس سے کسی مضمون یا کتاب یا کسی شے کا افتتاح ہو۔ دوسرے الفاظ میں یوں سمجھئے کہ یہ نام "دیباچہ" اور آغازِ کلام کا ہم معنی ہے۔ اسے ام الکتاب اور ام القرآن بھی کہا جاتا ہے۔ اس سورۃ کے متعدد نام ہیں۔ فاتحہ، فاتحۃ الکتاب، سورۃ الکنز، کافیۃ، وا فیۃ، شافیۃ، شفا، سبع مثانی، نور، رقیۃ، سورۃ الحمد، سورۃ الدعا، تعلیم المسئلہ، سورۃ المناجاۃ، سورۃ التفویض، سورۃ السوال، فاتحۃ القرآن، سورۃ الصلوۃ۔ [1]

زمانۂ نزول

یہ نبوت محمدی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بالکل ابتدائی زمانے کی سورت ہے۔ بلکہ معتبر روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ سب سے پہلی مکمل سورت جو محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر نازل ہوئی وہ یہی ہے۔ اس سے پہلے صرف متفرق آیات نازل ہوئی تھیں جو سورۂ علق، سورۂ مزمل اور سورۂ مدثر وغیرہ میں شامل ہیں۔

مضمون

دراصل یہ سورت ایک دعا ہے جو خدا نے ہر انسان کو سکھائی ہے جو اس کتاب کا مطالعہ شروع کررہا ہو۔ کتاب کی ابتدا میں اس کو رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر تم واقعی اس کتاب سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہو تو پہلے خداوند عالم سے یہ دعا کرو۔ انسان فطرتاً اسی چیز کی دعا کرتا ہے جس کی طلب اور خواہش اس کے دل میں ہوتی ہے اور اسی صورت میں کرتا ہے جبکہ اسے یہ احساس ہو کہ اس کی مطلوب چیز اس ہستی کے اختیار میں ہے جس سے وہ دعا کررہا ہے۔ پس قرآن کی ابتدا میں اس دعا کی تعلیم دے کر گویا انسان کو یہ تلقین کی گئی ہے کہ وہ اس کتاب کو راہ راست کی جستجو کے لئے پڑھے، طالبِ حق کی ذہنیت لے کر پڑھے اور یہ جان لے کہ علم کا سرچشمہ خداوندِ عالم ہے، اس لئے اسی سے رہنمائی کی درخواست کرکے پڑھنے کا آغاز کرے۔ اس مضمون کو سمجھنے کے بعد یہ بات خود واضح ہوجاتی ہے کہ قرآن اور سورۂ فاتحہ کے درمیان حقیقی تعلق کتاب اور اس کے مقدمے کا سا نہیں بلکہ دعا اور جوابِ دعا کا سا ہے۔ سورۂ فاتحہ ایک دعا ہے بندے کی جانب سے، اور قرآن اس کا جواب ہے خدا کی جانب سے۔ بندہ دعا کرتا ہے کہ اے پروردگار! میری رہنمائی کر۔ جواب میں پروردگار پورا قرآن اس کے سامنے رکھ دیتا ہے کہ یہ ہے وہ ہدایت و رہنمائی جس کی درخواست تونے سے مجھ سے کی تھی۔

الفاتحہ

  1. بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِِ
  2. اَلْحَمْدُ للهِ رَبِّ الْعٰلَمِينَ
  3. الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
  4. مٰلِكِ يَوْمِ الدِّيْنِ
  5. إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ
  6. أِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ
  7. صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّآلِّينَ

ترجمہ

  1. اللہ کے نام سے شروع جو بڑا مہربان نہایت رحم فرمانے والا ہے
  2. سب تعریفیں اللہ ہی کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کی پرورش فرمانے والا ہے
  3. نہایت مہربان بہت رحم فرمانے والا ہے
  4. روز جزا کا مالک ہے
  5. (اے اللہ) ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور ہم تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں
  6. ہمیں سیدھا راستہ دکھا
  7. ان لوگوں کا راستہ جن پر تو نے انعام فرمایا۔ ان لوگوں کا نہیں جن پر غضب کیا گیا ہے اور نہ (ہی) گمراہوں کا
  1. تفسیر خزائن العرفان علامہ نعیم الدین مراد آبادی ،سورۃ الفاتحہ