مندرجات کا رخ کریں

اختلاطی کہکشائیں

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

اختلاطی کہکشائیں ایسی کہکشائیں ہوتی ہیں جن کی کشش ثقل ایک دوسرے کو متاثر کر رہی ہو۔ اس کی عام مثال ایسی طفیلی کہکشاں ہے جو اپنی اصل کہکشاں کے بازو کو متائثر کر رہی ہو۔ اس کی بڑی مثال کہکشاؤں کا تصادم ہوتی ہے۔

طفیلی کہکشاں کا پیدا کردہ بگاڑ

[ترمیم]

بنیادی کہکشاں عموماً طفیلی کہکشاں میں بگاڑ پیدا کرتی رہتی ہے تاہم اگر طفیلی کہکشاں بنیادی کہکشاں میں گھس جائے یا اس کے کناروں پر موجود بازوؤں میں گڑبڑ پیدا کرنے لگے تو اسے طفیلی کہکشاں کا پیدا کردہ بگاڑ کہیں گے۔ نتیجتاً کم مقدار میں نئے ستارے جنم لے سکتے ہیں۔

کہکشاؤں کا تصادم

[ترمیم]

کہکشاؤں کے ارتقاء کے دوران ان کے تصادم عام بات ہے۔ تاہم چونکہ ہر کہکشاں کا انتہائی بڑا حصہ خالی ہوتا ہے اس لیے یہ تصادم حقیقی کی بجائے مجازی معنوں میں دیکھا جاتا ہے۔ یعنی کہکشاؤں کی کشش ثقل کا تصادم۔ نتیجتاً دونوں کا انضمام بھی ہو سکتا ہے۔ جب دو کہکشائیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں لیکن ان کی رفتار اتنی تیز نہ ہو کہ تصادم کے بعد اپنی حرکت جاری رکھ سکیں تو وہ ایک دوسرے میں گھسنے کے بعد گھل مل جاتی ہیں اور ایک بڑی کہکشاں بن جاتی ہیں۔

اگر ایک کہکشاں بہت بڑی اور دوسری بہت چھوٹی ہو تو تصادم یا انضمام کے بعد چھوٹی کہکشاں بظاہر ختم ہو جاتی ہے اور بڑی کہکشاں کی شکل بھی تقریباً ویسی ہی رہتی ہے۔ تاہم اگر دونوں کہکشائیں ایک دوسرے سے تصادم کے بعد الگ ہو جائیں تو عموماً ان کی شکلیں اور ان کے اجرام فلکی تقریباً یکساں رہتے ہیں۔

کہکشاؤں کے تصادم کا مشاہدہ کرنے کے لیے شمارندے پر اس کی نقلیں بھی تیار کی جاتی ہیں جو بالکل اصل صورت حال کو پیش کرتی ہیں۔

کہکشاؤں کا ایک دوسرے کو کھانا

[ترمیم]

مدوجزری اثرات کی مدد سے ایک بڑی کہکشاں اپنے نزدیک موجود چھوٹی کہکشاں کو ہڑپ کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اس کا نتیجہ بالعموم نسبتاً بڑی اور بے ڈھنگی کہکشاں کی صورت میں نکلتا ہے۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ہماری کہکشاں اپنے گرد موجود بونی کہکشاؤں سے ہائیڈروجن گیس کو اپنی طرف کھینچ رہی ہے۔ ان کہکشاؤں سے ہائیڈروجن گیس کی لہریں ہماری کہکشاں میں گھستی دیکھی جا سکتی ہیں۔

مستقبل میں ہماری کہکشاں اور اینڈرمیڈا کا تصادم

[ترمیم]

ماہرین فلکیات کے مطابق تین ارب سال بعد ہماری کہکشاں اینڈرومیڈا کہکشاں سے ٹکرا جائے گی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ سپرنگ نما کہکشائیں مل کر تھالی نما ایک کہکشاں بن جائیں گی۔

نگار خانہ

[ترمیم]