عمر بن محمد داؤد پوتہ

عالم، ماہرِ سندھیات، ماہرِ لسانیات، محقق

شمش العلماء ڈاکٹر عمر بن محمد داؤد پوتہ (انگریزی: Umar Bin Muhammad Daudpota)، (پیدائش: 25 مارچ، 1896ء - وفات: 22 نومبر، 1958ء) پاکستان سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرِ تعلیم، ماہرِ سندھیات، ماہرِ لسانیات اور محقق تھے جنہیں برطانوی حکومت ہند نے شمس العلماء کے خطاب سے نوازا۔

ڈاکٹر عمر بن محمد داؤد پوتہ
پیدائش25 مارچ 1896(1896-03-25)
ضلع دادو، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان)
وفات22 نومبر 1958(1958-11-22) (عمر  62 سال)
کراچی، پاکستان
آخری آرام گاہاحاطہ مزار شاہ عبد اللطیف بھٹائی، بھٹ شاہ
قلمی نامعمر بن محمد داؤد پوتہ
پیشہماہرِ تعلیم، ماہرِ سندھیات، ماہرِ لسانیات، محقق، معلم
زبانسندھی، انگریزی
نسلسندھی
شہریتپاکستان کا پرچمپاکستانی
تعلیمایم اے ، پی ایچ ڈی (مقالہ:فارسی شاعری پر عربی شاعری کا اثر)
مادر علمیسندھ مدرسۃ الاسلام، کیمبرج یونیورسٹی
اصنافسندھیات، لسانیات، تحقیق

حالات زندگی

ترمیم

ڈاکٹر عمر بن محمد داؤد پوتہ 25 مارچ، 1896ء کو سندھ کے ضلع دادو، برطانوی ہندوستان (موجودہ پاکستان) کے ایک غریب گھرانے میں بمقام ٹلٹی پیدا ہوئے۔ انھوں نے 1917ء میں سندھ مدرسۃ الاسلام کراچی سے میٹرک کے امتحان میں پورے سندھ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 1921ء میں ڈی جے کالج کراچی سے بی اے کا امتحان پاس کیا اور اس مرتبہ بھی پورے سندھ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 1923ء میں انھوں نے بمبئی یونیورسٹی سے ایم اے کے امتحان میں اول پوزیشن حاصل کی، جس کی وجہ سے حکومت ہند نے انھیں اسکالرشپ پر مزید اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ بھیج دیا جہاں انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی میں فارسی شاعری پر عربی شاعری کا اثر کے عنوان سے مقالہ لکھ کر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔[1]

ملازمت

ترمیم

وطن واپسی کے بعد انھیں مختلف اہم عہدوں پر فائز رہے۔ جن میں سندھ مدرسۃ الاسلام کی پرنسپل شپ اور اساعیل کالج بمبئی میں پروفیسر شپ شامل تھی۔ 1939ء میں انھیں صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔[1]

اعزازات

ترمیم

1941ء میں حکومت نے انھیں شمس العلماء کے خطاب سے سرفراز کیا۔ وہ برصغیر کی آخری علمی شخصیت تھے جنہیں یہ خطاب عطا ہوا تھا۔[1]

ادبی خدمات

ترمیم

ڈاکٹر عمر بن محمد دائود پوتہ کا سب سے بڑا کارنامہ سندھ کی دو مشہور فارسی تواریخ چچ نامہ اور تاریخ معصومی کی ترتیب ہے انھوں نے عربی، فارسی اور انگریزی میں 28 کتابیں یادگار چھوڑیں۔ وہ آخر عمر تک علم و ادب کی خدمت کرتے رہے۔[1]

وفات

ترمیم

ڈاکٹر عمر بن محمد داؤد پوتہ 22 نومبر، 1958ء کو کراچی، پاکستان میں انتقال کر گئے اور بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار کے احاطے میں مدفون ہوئے۔[1]

حوالہ جات

ترمیم
  1. ^ ا ب پ ت ٹ پاکستان کرونیکل، عقیل عباس جعفری، ورثہ / فضلی سنز، کراچی، 2010ء، ص 154